برطانیہ میں حکومت گرنے کا خطرہ
بریگزٹ کے معاملے پر برطانوی کابینہ میں اختلافات میں شدت کے بعد وزیر اعظم تھریسا مئے کی حکومت گرنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
روزنامہ انڈی پینڈینٹ کے مطابق بریگزٹ کے معاملے پر وزیراعظم تھریسا مئے کی کابینہ میں اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔ اخبار کے مطابق وزرا سے کہہ دیا گیا کہ ہے اگر وہ وزیراعظم کے بریگزٹ منصوبے سے اختلاف رکھتے ہیں تو اپنے عہدوں سے مستعفی ہو جائیں۔
وزیراعظم تھریسا مئے نے اپنے اتحادیوں پر واضح کر دیا کہ اگر وزیر خارجہ بوریس جانسن نے بریگزٹ کے معاملے میں کابینہ کے منظور کردہ عمل کی مخالفت کی تو وہ ان کو بھی برطرف کر دیں گی۔
برطانوی وزیر اعظم نے جمعے کے روز کہا تھا کہ بریگزٹ مذاکرات کے طریقہ کار اور خاص طور سے تجارت اور کسٹم کے معاملے میں کابینہ کے درمیان اتفاق رائے ہو گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ چند ماہ کے سکوت کے بعد برطانوی کابینہ میں یورپی یونین سے علیحدگی کے منصوبے بریگزٹ پر اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔