تارکین وطن کے بچوں کو ایذا رسانی کا انکشاف
امریکی ذرائع ابلاغ نے تارکین وطن کے بچوں کو ایذائیں دیئے جانے کا انکشاف کیا ہے۔
روزنامہ ہافنگٹن پوسٹ نے تارکین وطن کے بچوں کی والدین سے علیحدگی کے بعد بچوں کو ٹوائلیٹ کے نلکوں سے پانی پینے اور انہیں زبردستی برہنہ کرنے جیسے معاملات کی خبریں شائع کی ہیں۔اس رپورٹ کے مطابق ایک وکیل نے ہافنگٹن پوسٹ کو بتایا ہے کہ ان بچوں کے ساتھ جو سلوک کیا گیا ہے وہ ایذا رسانی کے مترادف ہے اور ہم جبری طور پر بھوکا، پیاسا رکھنے اور نیند سے محروم کرنے جیسے اقدامات کا بھی مشاہدہ کر رہے ہیں۔روزنامہ نیویارک ٹائمز نے بھی اپنی رپورٹ میں خواتین تارکین وطن کے خلاف جنسی تشدد کے واقعات کا انکشاف کیا ہے۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کی ہوم لینڈ سیکورٹی کی وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق پچھلے دس سال کے دوران ہزاروں تارکین وطن کو اپنی حراست کے دوران جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔تارکین وطن کے خلاف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر امریکہ کے اندر اور باہر کڑی نکتہ چینی کی جارہی ہے۔