Jul ۳۰, ۲۰۱۸ ۰۸:۴۷ Asia/Tehran
  • امریکی پادری جنسی اسکینڈل کے بعد مستعفی

معروف امریکی کیتھولک پادری نے نوجوان لڑکی سے جنسی زیادتی کے اسکینڈل کے بعد استعفیٰ پیش کردیا جسے پوپ فرانسس نے منظور کرلیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق پوپ فرانسس نے جنسی زیادتی کے الزام میں 88 سالہ امریکی پادری کارڈینل تھیو ڈور مک کیریک کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔ واشنگٹن کے سابق سینئر پادری اور موجودہ ’کار ڈینل‘ کو ایک نوجوان لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام کا سامنا تھا جس پر انہوں نے اپنا استعفی پوپ فرانسس کو پیش کیا۔

مرکزی چرچ کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پادری مک کیریک کے استعفی کی منظوری کے بعد اُن سے تمام اعزازات واپس لے لیے گئے ہیں اور اب مستعفی پادری عدالت کے مکمل فیصلے تک کسی بھی عوامی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے اور نہ ہی کسی جگہ ان معاملات پر گفتگو کریں گے۔

واضح رہے کہ کیتھولک پادری مک کیریک پر الزام تھا کہ انہوں نے مبینہ طور پر 1970ء کی دہائی کے اوائل میں ایک نوجوان لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا اُس وقت وہ نیویارک کے ایک چرچ کے پادری تھے۔ 88 سالہ مک کیریک کو امریکی کیتھولک حلقوں میں انتہائی معتبر خیال کیا جاتا تھا۔

ٹیگس