Aug ۲۰, ۲۰۱۸ ۰۹:۵۸ Asia/Tehran
  • پاکستانی حکومت سے تعلقات برقرارکرنے کی امریکی کوشش

امریکی وزیرخارجہ عمران خان سے ملنے پاکستان جائیں گے۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو پاکستان کے نومنتخب وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔

سفارتی اور سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے ستمبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے، جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق مائیک پومپیو پاکستانی حکام سے ملاقات میں دو اہم معاملات پر توجہ مرکوز کرسکتے ہیں، جن میں دونوں ممالک کے تعلقات میں پائی جانے والی کشیدگی کو دور کرنا اور افغانستان میں امن کے قیام کے لیے امریکی اقدامات پر پاکستان کی حمایت حاصل کرنا شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ مائیک پومپیو کے ہمراہ امریکی محکمہ خارجہ کی عہدیدار برائے جنوبی و وسط ایشیائی امور سفیر ایلس ویلز کے بھی پاکستان آنے کے امکانات ہیں۔

رواں ہفتے کے اوائل میں امریکی حکام نے پاکستان پر زور دیا تھا کہ وہ افغان جنگ ختم کرنے میں امریکا کی مدد کرے کیونکہ افغانستان میں حالیہ دہشت گرد حملے انہیں طالبان کے چند گروہوں کے ساتھ امن مذاکرات سے نہیں روک سکے۔

امریکا یہ بھی چاہتا ہے کہ پاکستان کابل میں ایک ایسا سیاسی سیٹ اپ قائم کرنے میں مدد کرے جس کے ذریعے امریکی فوج کے دستے پُرامن طریقے سے افغانستان سے واپس روانہ ہوں۔

گزشتہ ماہ افغانستان میں جنگ بندی کے پہلے مرحلے کا آغاز اس وقت ہوا جب عیدالفطر کے موقع پر امریکی اور طالبان حکام نے دوحہ میں براہ راست ملاقات کی تھی۔ دونوں فریقین اب جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کےلیے ستمبر میں دوحہ میں ملاقات کرنے کی کوشش میں ہیں۔

گزشتہ روز امریکی محکمہ خارجہ نے حالیہ انتخابات میں عمران خان کی جیت سے متعلق امریکا کے ناخوش ہونے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کے نئے وزیراعظم کو تسلیم کرتے ہیں اور انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔

پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں تناؤ اس وقت آیا تھا جب رواں سال کے آغاز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان پر امریکی فوجیوں پر دہشت گرد حملوں میں ملوث افغانیوں کو محفوظ پناہ گاہیں دینے کا الزام لگایا تھا اور امریکا سے اربوں ڈالر امداد لینے پر تنقید کی تھی۔

 

ٹیگس