روہنگیا بچوں کے بارے میں یونیسیف کا انتباہ
بـچوں کے عالمی ادارے یونیسیف نے روہنگیا مسلمانوں کے بچوں کی ابتر صورتحال کی بابت سخت خبردار کیا ہے۔
یونیسیف کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پناہ گزیں کیمپوں میں زندگی بسر کرنے والے روہنگیا بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں اور انہیں تن ڈھانپنے کے لیے مناسب کپڑے، دوائیں اور تعلیم بھی میسر نہیں ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پانچ لاکھ تیس ہزار سے چھے لاکھ تک روہنگیا مسلمان اس وقت بھی مغربی میانمار کے صوبے راخائن میں موجود ہیں جن میں تین لاکھ ساٹھ ہزار کے قریب بچے ہیں۔حکومت میانمار کا دعوی ہے کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کی باز آباد کاری کی کوشش کر رہی ہے تاہم شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ بنگلادیش کی سرحدوں پر روہنگیا پناہ گزینوں کی آمد کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
پچیس اگست دوہزار سترہ سے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف میانمار کی فوج اور انتہا پسند بدھسٹوں کے تازہ حملوں میں چھے ہزار سے زائد مسلمان جاں بحق اور آٹھ ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔