Aug ۲۶, ۲۰۱۸ ۱۸:۱۰ Asia/Tehran
  • روس کے دو بحری جنگی جہاز بحیرہ روم میں روانہ

شام پر امریکا برطانیہ اور فرانس کے ممکنہ حملوں کے پیش نظر روس نے اپنے دو بحری جنگی جہاز بحیرہ روم میں روانہ کردئے ہیں۔

روسی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ روس کے دو بحری جنگی جہاز کریمہ کے علاقے سواستوپل کی بندرگاہ سے بحیرہ روم کے لئے روانہ ہوگئے ہیں۔ توقع ہے کہ یہ دونوں بحری جنگی جہاز چند گھنٹے میں بحیرہ روم میں پہلے سے موجود روسی بحری بیڑے میں شامل ہوجائیں گے۔
روسی حکام نے امریکا اور اس کے اتحادیوں پر الزام لگایا ہے کہ وہ ادلب میں شامی حکومت کے ذریعے کیمیائی حملے کا بہانہ بنا کر شام پر حملہ کرنا چاہتے ہیں۔
امریکا کے قومی سلامتی کے امور کے مشیر جان بولٹن نے جمعرات کو سوئیزرلینڈ میں اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات میں دعوی کیا تھا کہ امریکا کے پاس ایسی اطلاعات ہیں کہ شام کے صدر بشار اسد صوبہ ادلب کو واپس لینے کے لئے کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کرسکتے ہیں۔
جان بولٹن نے اسی چیز کو بہانہ بنا کر ایک بار پھر شام پر فوجی حملےکی دھمکی دے ڈالی۔ امریکا، فرانس اور برطانیہ نے اپریل دوہزار اٹھارہ میں بھی دمشق کے علاقے دوما میں مشتبہ کیمیائی حملے کے بعد شامی فوج پر اس حملے کا بے بنیاد الزام لگا کر شام کے فوجی اڈوں پر میزائلوں سے حملہ کیا تھا۔

ٹیگس