افغانستان: فوجی ہیلی کاپٹرتباہ 2 غیرملکیوں سمیت 13 ہلاک
اس سے قبل افغان حکام نے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 3 بتائی تھی۔
افغانستان میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے کے واقعے میں ہلاکتیں13 ہوگئیں، جس میں 2 غیر ملکیوں اور11 افغان سیکورٹی اہلکار شامل ہیں ۔
حادثہ افغان صوبے بلخ میں پیش آیا، ہیلی کاپٹر مالدون کمپنی کا تھا، جس میں دوران پرواز یوکرینی عملے کے 3 افراد سمیت 14 افراد سوار تھے ۔
افغان سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر پر دھماکا خیز مواد موجود تھا جس کی وجہ سے تمام لاشیں اس قدر جل چکی ہیں کہ ان کی شناخت بھی ممکن نہیں۔
خیال رہے کہ مذکورہ ہیلی کاپٹر میں افغان سیکیورٹی اہلکاروں کو صوبہ فاریاب منتقل کیا جارہا تھا۔
افغان سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حادثے میں صرف ایک یوکرینی پائلٹ محفوظ رہا۔
دوسری جانب امریکی فورسز نےافغانستان میں اپنی قیادت میں تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے ملٹری کے جنرل آسٹن اسکاٹ ملر کو نیٹومشن اور فورسز کی کمان دے دی ہے۔
افغانستان میں نیٹومشن اور امریکی فورسز کے سابق کمانڈر جنرل نکولسن نے کابل میں ہونے والی خصوصی تقریب میں کمانڈ جنرل ملر کے حوالے کردی ۔
واضح رہے کہ جنرل ملرامریکی ملٹری کےجوائنٹ اسپیشل آپریشنز کے کمانڈر رہ چکے ہیں۔