ایٹمی معاہدہ مستحکم ہے، جان کیری
امریکہ کے سابق وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ طے پانے والا ایٹمی سمجھوتہ ایک جامع اور مستحکم ایٹمی سمجھوتہ ہے۔
امریکہ کے سابق وزیر خارجہ جان کیری نے ایٹمی معاہدے سے امریکہ کے نکلنے پر ایک بار پھر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدہ کارآمد رہا ہے اس لئے کہ امریکہ کو چھوڑ کر باقی تمام فریق ممالک اس معاہدے میں باقی رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ایٹمی معاہدے میں شامل کوئی بھی ملک ایران کے ایٹمی پروگرام کے خلاف امریکہ کے فیصلے کی حمایت نہیں کرے گا۔واضح رہے کہ برسوں کے مذاکرات اور سعی و کوشش کے بعد خود امریکہ کی شمولیت سے طے پانے والے ایٹمی معاہدے پر دو ہزار سولہ میں عمل درآمد شروع ہوا تاہم امریکہ میں ٹرمپ کے برسراقتدار آنے کے بعد انھوں نے رواں برس مئی میں اس معاہدے سے نکلنے کا اعلان کر دیا اور چھے اگست کو انھوں نے ایران کے خلاف پابندیاں بھی بحال کر دیں۔یہ ایسی حالت میں ہے کہ آئی اے ای اے نے بارہا اپنی رپورٹوں میں ایران کے جوہری پروگرام کو پرامن قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایران کی جانب سے کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کا مشاہدہ نہیں کیا گیا ہے۔