Sep ۲۵, ۲۰۱۸ ۰۷:۲۵ Asia/Tehran
  • امریکا اور چین کے درمیان اقتصادی جنگ عروج پر

امریکا اور چین کے مابین اقتصادی جنگ اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا اور چین نے ایک دوسرے کی اشیائے صرف پر اب تک کے سب سے زیادہ شرح ٹیکس عائد کر دیئے ہیں۔

امریکا نے چین کی 2 سو بلین ڈالر کی درآمدی اشیاء پر 10 فیصد ٹیکس عائد کر دیا ہے۔ جن اشیاء پر نئے ٹیکس کی چھری چلائی گئی ہیں اُن میں کھانے پینے کی اشیاء سے لے کر بیس بال کے دستانے، نیٹ ورک راؤٹرز اور صنعتی پارٹس بھی شامل ہیں۔

ٹرمپ انتظامیہ کے اس اقدام پر چین نے بھی محض چند گھنٹوں بعد ہی 60 بلین ڈالر کی امریکی درآمدی اشیاء پر 5 سے 10 فیصد تک ٹیکس عائد کردیا ہے۔ چین نے اس بار جن اشیاء کو ٹیکس عائد کرنے کے لیے چُنا ہے اُن میں گوشت، کیمیکل،ملبوسات اور گاڑیوں کے پارٹس شامل ہیں۔

واضح رہے کہ  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دورِ صدارت کے آغاز میں امریکی تجارتی پالیسی کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے معاشی جنگ کو پسندیدہ امر کہا تھا۔ امریکا نے چین کی کئی مصنوعات پر ٹیکس عائد کردیا تھا جس کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی کشیدگی کا آغاز ہواجو اس وقت اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے۔

 

ٹیگس