آئی اے ای اے نے بھی نیتن یاہو کا دعوی مسترد کردیا
ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل نے صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نتن یاہو کے ایران مخالف دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ آئی اے ای اے، ایک آزاد بین الاقوامی ادارہ ہے اور وہ ظاہری باتوں پر کوئی توجہ نہیں دیتا۔
انھوں نے صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو کے حالیہ ایران مخالف دعوے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ کسی تیسرے فریق کی جانب سے دی جانے والی اطلاعات کا پوری گہرائی سے جائزہ لیا جاتا ہے اور کسی بھی قسم کے دعوے پر آئی اے ای اے کے آزادی عمل کو ترجیح حاصل ہوتی ہے۔
ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو نے کہا کہ غیر جانبداری کے ساتھ حقیقت کا پتہ لگانا اس عالمی ایجنسی کے فرائض میں سے ہے اور ایران میں جوہری سرگرمیوں پر سیف گارڈ کے ذریعے نظر رکھی جاتی ہے اور ایران میں ضرورت کے تمام جوہری مراکز تک آئی اے ای اے کو دسترسی حاصل ہے۔
واضح رہے کہ صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو نے ستّائیس ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک نقشہ دکھاتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ تہران کے اطراف میں ایسا جوہری مواد موجود ہے کہ جس کے بارے میں ایران کی حکومت نے ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کو کوئی اطلاع نہیں دی ہے۔