Oct ۲۰, ۲۰۱۸ ۱۴:۲۵ Asia/Tehran
  • ایٹمی معاہدے کے تحفظ کے لئے ایران و یورپ کے درمیان مالی سسٹم کا قیام

جرمنی، فرانس اور برطانیہ سمیت مختلف یورپی ممالک ایٹمی معاہدے کے تحفظ اور ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کا مقابلہ کرنے اور ایران کے ساتھ تجارتی لین دین کو باقی رکھنے کے لئے ایک مالی سسٹم قائم کرنے والے ہیں۔

یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے کو باقی رکھے جانے کی کوشش جاری رہے گی اور ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کا مقابلہ کرنے اور ایران کے ساتھ تجارتی لین دین کو باقی رکھنے کے لئے ایک مالی سسٹم قائم کیا جا رہا ہے تاکہ امریکی پابندیوں کا ایران پر اثر نہ پڑے۔انھوں نے کہا کہ یورپی یونین نے اس سلسلے میں ایک مالی سسٹم قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ ہفتوں پر اس پر کامیاب طریقے سے عمل شروع ہو جائے گا۔ایٹمی معاہدے کے تحفظ اور ایران کے ساتھ تجارتی لین دین سے متعلق رقم کی منتقلی کے لئے ایک الگ مالی سسٹم کے قیام کے سلسلے میں یورپی یونین کی کوششوں سے واشنگٹن کو تشویش لاحق ہو گئی ہے یہی وجہ ہے کہ امریکی حکام اپنے بیانات میں اور موقف کا اظہار کر کے ایٹمی معاہدے کو باقی رکھنے کے یورپی یونین کےفیصلے کو  روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔اس بارے میں یورپی یونین میں امریکی سفیر گورڈن سنڈلینڈ نے کہا ہے کہ امریکہ، ایٹمی معاہدے سے اپنی علیحدگی کے بعد اس معاہدے کا تحفظ کئے جانے کے سلسلے میں یورپی یونین کے اقدامات اور کوششوں سے راضی نہیں ہے۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیؤ نے بھی ایران کے ساتھ مالی ٹرانزیکشن سسٹم کے قیام کے لئے چار جمع ایک کی کوششوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چار جمع ایک کا اقدام مایوس کن ہے۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیؤ کے اس بیان کے ردعمل میں یورپی کونسل کے چیئرمین ڈونلڈ ٹسک نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ واشنگٹن دیگر ملکوں اور عالمی اداروں پر اپنے فیصلے مسلط کرنے کا حق نہیں رکھتا، کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے میں شریک دیگر ملکوں کی مانند یورپ بھی ایٹمی معاہدے کا تحفظ کرے گا۔یورپی یونین کو ایٹمی معاہدے سے علیحدہ کرنے میں امریکہ کی ناکامی کے بعد امریکی وزارت خارجہ کے ایران ایکشن گروپ کے سربراہ برائن ہک نے اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے کہ امریکہ، یورپی یونین کو ایٹمی معاہدے سے الگ کرنے پر مجبور نہیں کر سکتا، کہا ہے کہ ایمٹی معاہدے سے علیحدگی کا فیصلہ امریکہ کا اپنا فیصلہ ہے جو اس نے خود اپنے لئےکیاہے۔

ٹیگس