Oct ۲۸, ۲۰۱۸ ۰۶:۲۹ Asia/Tehran
  • سری لنکامیں وزیراعظم برطرف پارلیمنٹ معطل

سری لنکا کے صدر نے وزیراعظم کو برطرف کرکے پارلیمنٹ کو 16 نومبر تک کے لیے معطل کردیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا میں سیاسی بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔ صدر متھری پالا سری سینا نے اپنے حلیف وزیراعظم رنیل وکرما سنگھے کو برطرف کرتے ہوئے موجودہ اپوزیشن لیڈر اور سابق صدر مہندرا راجا پاکسے کو نیا وزیراعظم مقرر کیا تھا۔

وزیراعظم رنیل وکرما سنگھے نے صدر کے احکامات کو رد کرتے ہوئے مستعفی ہونے سے انکار دیا اور اپنی اکثریت ثابت کرنے کے لیے اسپیکر سے پارلیمنٹ کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی جس پر سری لنکن صدر نے پارلیمنٹ کو ہی 16 نومبر تک معطل کردیا۔

دوسری جانب وزیراعظم رنیل وکرما سنگھے برطرف کیے جانے کے باوجود وزیراعظم ہاؤس میں اپنے دفتر میں موجود ہیں اور انہوں نے حلف اُٹھانے والے نئے وزیراعظم کو داخل ہونے نہیں دیا۔ سیاسی بحران کی وجہ سے سری لنکا میں اس وقت پارلیمنٹ معطل ہے اور ملک میں وزیراعظم ہونے کے دو دعویدار موجود ہیں۔

واضح رہے کہ 2015 میں ہونے والے انتخابات میں دس سال صدر رہنے والے راجا پاکسے کو شکست ہوگئی تھی اور محض 12 نشستوں کے فرق سے انہیں اپوزیشن لیڈر بننا پڑا تھا تاہم تین سال قبل بننے والی نئی حکومت کئی بار ہچکولے کھانے کے بعد اب ڈوبتی نظر آرہی ہے۔

 

ٹیگس