روس مغرب کے ساتھ میڈیا وار کے لیے تیار
روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا ہے کہ ان کا ملک مغرب کی جانب سے شروع کی جانے والی میڈیا وار کے لئے آمادہ ہے۔
روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا ہے کہ مغرب کی میڈیا وار میں روس ہارا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر روس کو شکست ہوتی تو مغرب میں روسی ذرائع ابلاغ کی سرگرمیوں سے متعلق قوانین اتنے سخت نہ کئے جاتے اور سوشل میڈیا سے روس کے خلاف بندشوں کی اپیل نہیں کی جاتی۔
انھوں نے کہا کہ فرانس، جرمنی اور برطانیہ نے روسی ذرائع ابلاغ کی سرگرمیوں کو محدود کرنے کے لئے اپنے قوانین سخت کر دیئے ہیں۔ روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ مغربی ملکوں کی سب سے بڑی غلطی یہ رہی ہے کہ وہ روس کے خلاف نادرست اطلاعات فراہم کرتے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ روس نے فرانس، جرمنی اور برطانیہ کی جانب سے روسی ذرائع ابلاغ کی سرگرمیوں کو محدود کرنے کے لئے قوانین سخت کئے جانے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔