Dec ۱۱, ۲۰۱۸ ۱۶:۲۸ Asia/Tehran
  • فرانسیسی صدر نے مظاہرین کے مطالبات تسلیم کرلیے

فرانس کے صدر عما نوئیل میکرون نے اپنے ایک نشری خطاب میں آخر کار مظاہرین کے مطالبات کو تسلیم کرلیا ہے اور فوری نوعیت کی اقتصادی اور سماجی مشکلات کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کا وعدہ کیا ہے۔

صدر عمانوئیل میکرون نے اپنے نشری خطاب میں فرانسیسی عوام سے وعدہ کیا ہے کہ وہ ملک میں امن و آسائش واپس لوٹانے کے لیے پوری توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت جتنا جلد ممکن ہوا ٹیکسوں میں کمی کرے گی اور سرکاری اخراجات کو کنٹرول کرکے فوری نوعیت کے اقتصادی اور سماجی معاملات کو حل کرے گی۔انہوں نے وعدہ کیا کہ کم آمدنی والے طبقے پر ٹیکسوں میں کمی کا عمل تیز جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کی تنخواہوں پر ٹیکسوں میں اضافے کا فیصلہ منسوخ کردیا جائے گا۔عمانوئیل میکرون نے یہ بات زور دے کہی کہ ملازمین کی تنخواہوں میں کم سے کم سو یورو ماہانہ کا اضافہ کیا جائے گا اور اور ٹائم پرعائد ٹیکس یکم جنوری ختم کردیا جائےگا۔فرانسیسی صدرنے یہ اعلانات سرمایہ داروں کے ساتھ اپنی خصوصی میٹنگ کے بعد کیے ہیں جس میں ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کی راہوں کا جائزہ لیا گیا۔اس اجلاس میں سرمایہ داروں کے علاوہ مزدور رہنماؤں، ایمپلائر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور میئرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔اس رپورٹ کے مطابق اجلاس کے شرکا نے فرانسیسی صدر کو خبردار بھی کیا کہ ملک کی اقتصادی مشکلات میں مزید اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔فرانس میں اقتصادی مشکلات، ٹیکسوں نیز ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ سترہ نومبر سے شروع ہوا تھا اور بڑی تیزی کے ساتھ سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف یلوویسٹ تحریک میں تبدیل ہوگیا۔کئی روز تک جاری رہنے والے ان مظاہروں کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں جن کے نتیجے میں ہزاروں افراد زخمی اور گرفتار ہوئے۔

ٹیگس