روس امریکہ کے مقابلے میں اپنے دفاع کے لیے تیار ہے، ولادیمیر پوتن
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ آئی این ایف معاہدے سے امریکہ کے نکل جانے کی صورت میں ان کا ملک اپنے دفاع کے لئے پوری طرح آمادہ ہے۔
اپنے ایک بیان میں روسی صدر کا کہنا تھا کہ اگر واشنگٹن انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیر فورس ٹریٹی سے نکل گیا تو ماسکو اپنی سلامتی کے دفاع کے لیے لازمی اقدامات عمل میں لائے گا۔
صدر ولادیمیر پوتن نے مزید کہا کہ آئندہ سال کے دوران ملک کی جوہری طاقت میں اضافہ کرنا روسی افواج کی اہم ترین ذمہ داری ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی معاہدوں سے امریکہ کو باہر نکالنے کی پالیسی کے تحت بیس اکتوبر کو کسی ثبوت وشواہد کے بغیر روس پر آئی این ایف معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے اس معاہدے سے نکلنے کا اعلان کیا تھا۔
امریکہ اور سابق سویت یونین نے سن انیس سو ستاسی میں درمیانی فاصلے سے تک مار کرنے والے ایٹمی میزائلوں میں کمی کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
اس معاہدے کے تحت امریکہ اور روس دونوں کو یورپ میں درمیانی فاصلے سے مار کرنے والے بیلسٹک اور کروز میزائلوں کی تنصیب سے منع کیا گیا ہے۔