Jan ۱۷, ۲۰۱۹ ۰۷:۵۴ Asia/Tehran
  • برطانوی وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام

برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگئی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کے خلاف آج تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری ہوئی جس میں حکمران کنزرویٹو پارٹی اور اپوزیشن کے اراکین نےحصہ لیا، تھریسا مے کے حق میں 325 اور مخالفت میں 306 ووٹ ڈالے گئے، اس طرح تھریسا مے کے خلاف تحریک عدم اعتماد 19 ووٹوں کے فرق سے ناکام ہوگئی۔

تحریک عدم اعتماد کی ناکامی  کے بعد ایوان میں اظہارخیال کرتے ہوئے برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ وہ اعتماد کرنے پر دارالعوام کا شکریہ ادا کرتی ہیں جبکہ بریگزٹ معاملے پر سینئر ارکان سے فوری بات چیت کروں گی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم تھریسا مے کی جانب سے برطانیہ کی یورپ سے علیحدگی کے تاریخ ساز معاملے کو گزشتہ روز ایوان میں پیش کیا گیا جس پر رائے شماری کی گئی۔ ڈیل کے حق میں 202 اور مخالفت میں 432 ووٹ پڑے جس پر اپوزیشن جماعت کی جانب سے تھریسا مے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی ۔ تھریسا مے نے جولائی 2016 میں سابق وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کے استعفے کے بعد اقتدار سنبھالا تھا جو عین اسی تنازعے کا شکار ہوکر اقتدار کھو بیٹھے تھے۔

ٹیگس