Feb ۰۶, ۲۰۱۹ ۰۸:۵۰ Asia/Tehran
  • اسلام کے خلاف سرگرم ڈچ سیاست دان کا قبول اسلام

ہالینڈ کی بڑی مسلمان مخالف جماعت کےسابق رکن نے اسلام قبول کر لیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اسلامی تعلیمات کا مذاق اُڑانے والے مسلمان مخالف ہالینڈ کے 40 سالہ سیاست دان اسلامی تعلیمات سے متاثر ہوکر مذہب اسلام میں داخل ہوگئے۔

وین کلِورین نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہوں نے گزشتہ برس اکتوبر میں اسلام قبول کرلیا تھا تاہم اس کی ابتدا اسلام مخالف کتاب لکھنے کے دوران ہوگئی تھی۔ اسلامی کتب کا تنقیدی جائزہ لیتے ہوئے اسلام کی روشن حقیقتیں آشکار ہوئیں۔

وین کلِورین نے مزید کہا کہ اس کتاب نے میری زندگی بدل دی ہے اور قارئین کو میرے اسلام مخالف موقف سے اسلام قبول کرنے تک کا سفر بھی اس کتاب میں مل جائے گا۔

وین کلِورین اپنے لیڈر گیرت وائلڈرز کے دست راست اور پارٹی آف فریڈم سے رکن اسمبلی تھے۔ وین کلِورین نے سات سال تک اسمبلی میں اسلام مخالف بل پیش کیے اور مہم چلائیں جن میں برقع سمیت دیگر اسلامی روایات پر پابندی عائد کرنا بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ جورام وین کلیورن (Joram van Klaveren) نیدرلینڈز کی دائیں بازو کی سب سے بڑی انتہا پسند جماعت کے دوسرے سیاستدان ہیں، جنہوں نے اسلام قبول کیا ہے۔

اسلام مخالف جذبات کی حامل ڈچ سیاسی جماعت ”پارٹی فار فریڈم“ کے سربراہ گیئرٹ ویلڈرز ہیں جنہوں نے نبی پاک(ص)کے گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ کرانے کا اعلان کیا تھا۔

وین کلیورن سے قبل اسی سیاسی جماعت کے رکن آرناوڈ وین ڈورن نے اسلام قبول کیا،انہوں نے وین کلیورن کو اسلام قبول کرنے کے فیصلے پر مبارک باد دی۔

وین کلیورن 2010ء سے 2014ء کے دوران رکن پارلیمنٹ رہے ۔

اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے اسلام اور قرآن مجید کے متعلق اپنے سابقہ بیانات پر شرمندگی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اس وقت غلط تھے کیونکہ یہ اس سیاسی جماعت کی پالیسی تھی اور ہرغلط فعل کو اسلام سے جوڑ دیا جاتا تھا۔

ٹیگس