راہبائیں پادریوں کی جنسی زیادتیوں کے نشانے پر: پوپ
پوپ فرانسس کا کہنا ہے کہ راہباوں کو پادریوں کی جانب سے جنسی زیادتیوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کیتھولک چرچ کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے اعتراف کیا ہے کہ مذہبی پیشواؤں اور پادریوں کی جانب سے راہباؤں کے ساتھ ریپ کیا جاتا ہے۔
متحدہ عرب امارات کا دورہ کرنے کے بعد ویٹی کن سٹی واپس لوٹتے ہوئے جہاز میں صحافی کے ایک سوال کے جواب میں پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ راہباؤں کے ریپ میں کچھ پادری اور مذہبی پیشوا بھی ملوث ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چرچ اس معاملے پر متعدد پادریوں کو معطل کر چکی ہے اور ویٹی کن اس پر طویل عرصے سے کام کر رہا ہے۔
پوپ فرانسس کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا کہ جب ایک ہفتے قبل ویٹی کن کے خواتین سے متعلق ایک جریدے نے خواتین کے ساتھ ہونے والے ریپ کے بارے میں انکشاف کیا تھا اور بتایا تھا کہ مذہبی پیشوا متاثرہ راہباؤں سے اسقاط حمل کا مطالبہ کرتے ہیں یا پھر پیدا ہونے والے بچوں کو قبول کرنے سے انکار کردیتے ہیں۔
واضح رہے کہ راہباؤں کے ساتھ ریپ کے واقعات اس وقت منظرعام پر آنا شروع ہوئے جب ہندوستان سے تعلق رکھنے والی ایک راہبہ نے پادری پر الزام عائد کیا تھا کہ اسے پادری کی جانب سے متعدد مرتبہ ریپ کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔