امریکہ میں تارکین وطن لوگوں کے بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا جانا
امریکی وزارت صحت کی اندرونی دستاویزات سے پتہ چلتا ہے کہ تارکین وطن لوگوں کے زیر حراست رکھے جانے والے بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق امریکہ کے ڈیموکریٹ رکن کانگریس ٹیڈ ڈویچ نے منگل کے روز امریکی وزارت صحت کی اندرونی دستاویزات جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کیمپوں میں زیرحراست میں رکھے جانے والے تارکین وطن کے بچے جنسی تشدد کا نشانہ بنائے گئے ہیں۔
انھوں نے اعلان کیا کہ اس سلسلے میں اکتوبر دو ہزار چودہ سے، جولائی دو ہزار اٹھارہ تک چار ہزار پانچ سو چھّپن شکایتیں موصول ہوئی ہیں۔
اس سلسلے میں ایک ہزار تین سو تین واقعات کی، امریکی وزارت انصاف کو رپورٹ بھی کی جا چکی ہے۔
انھوں نے امریکی صدر ٹرمپ کی عدم برداشت کی پالیسی کا جائزہ لئے جانے کے سلسلے میں امریکی کانگریس کی عدلیہ کمیٹی کے تشکیل پانے والے اجلاس میں بچوں کو زیرحراست رکھے جانے والے کیمپوں میں کام کرنے والوں پر کڑی تنقید بھی کی۔