ویانا میں ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کا اجلاس
جامع ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کا اجلاس آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں جاری ہے۔
اجلاس میں ایران کے علاوہ برطانیہ، جرمنی، فرانس، روس اور چین کے اعلی سطحی وفود شریک ہیں۔ اجلاس میں ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی اور ایران کے لیے مالیاتی میکنیزم پرعملدرآمد جیسے معاملات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ایرانی وفد کے سربراہ سید عباس عراقچی نے مشترکہ کمیشن کے اجلاس سے قبل یورپی یونین کے امور خارجہ کی نائـب سربراہ ہیلگا اشمد سے ملاقات اور ایٹمی معاہدے کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
ایران اور یورپی یونین نے امریکہ کے ایٹمی معاہدے سے نکل جانے کے بعد ایران کے اقتصادی مفادات کی ضمانت فراہم کرنے کے لیے باضابطہ مذاکرات کا آغاز کیا تھا۔
اکتیس جنوری دو ہزار انیس کو تین یورپی ملکوں جرمنی، فرانس اور برطانیہ نے ایران کے لیے مخصوص مالیاتی میکنیزم کے قیام کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔
اس نظام کے تحت پہلے مرحلے میں غذائی اشیا اور دواؤں سے متعلق مالیاتی لین دین انجام پائے گا اور اس کے دائرہ کار میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔