Mar ۱۱, ۲۰۱۹ ۲۱:۰۲ Asia/Tehran
  • وینزوئیلا میں بجلی منقطع ہونے سے پیدا ہونے والے مسائل

وینزوئیلا میں بجلی کے بحران کے باعث تعلیمی ادارے اور کمپنیوں میں چھٹی کا اعلان کر دیا گیا۔ اسی کے ساتھ دارالحکومت کراکاس سمیت مختلف شہروں میں عوام نے ایک بار پھر مظاہرہ کر کے مادورو کی حمایت کا اعلان کیا۔

وینزوئیلا کے مواصلات، ثقافت اور سیاحت کے امور کے اعلی عہدیدار جارج روڈریگز نے اعلان کیا ہے کہ بجلی کے مسلسل منقطع ہونے کے نتیجے میں تمام اسکول کالج اور کمپنیاں بند کر دی گئی ہیں اور پیر کے روز چھٹی کا اعلان کر دیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ وینزوئیلا کے بیشتر علاقوں میں بجلی اتوار کے روز مسلسل چوتھے روز بھی منقطع رہی جبکہ اسی بنا پر جمعرات اور جمعے کے روز اسپتالوں میں پندرہ بیمار دم توڑ گئے اس لئے کہ بجلی نہ ہونے کی بنا پر ان کا معالجہ نہ ہو سکا۔

وینزوئیلا کی قانونی حکومت نے ملک میں پیدا ہونے والے ان تمام حالات کا ذمہ دار امریکہ کو قرار دیا ہے اس لئے کہ اس ملک کے خلاف وائٹ ہاؤس کی سازشوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

وینزوئیلا کی بحرانی صورت حال کے باوجود اس ملک کے دارالحکومت کراکاس سمیت مختلف بڑے شہروں میں عوامی مظاہرے کئے گئے اور ملک کی موجودہ قانونی حکومت کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔

حکومت کی حمایت میں کئے جانے والے ان مظاہروں میں امریکہ کے خلاف شدید نعرے لگائے گئے اور ملک میں امریکی مداخلت کی مذمت کی گئی۔

مظاہرین نے اعلان کیا کہ امریکہ ہی وینزوئیلا میں بحران و بدامنی اور جنگ و اندرونی خلفشار پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔

دوسری جانب امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے اے بی سی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ حکومت مخالفین اور فوجی عہدیداروں کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے تا کہ فوج کو مادورو کے خلاف اور مخالفین کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہونے پر راضی کیا جاسکے۔

ادھر وینزوئیلا کے امور میں امریکی صدر کے خصوصی نمائندے نے مکمل بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کوئی علامت نہیں پائی جاتی کہ جس سے یہ ظاہر ہو سکے کہ نکولس مادورو اقتدار سے ہٹنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ ایلیوٹ ابرمز نے کہا کہ مادورو اگر مذاکرات پر تیار ہو جاتے ہیں تو واشنگٹن، وینزوئیلا میں جاری بحران کا خاتمہ کرنے کے لئے کسی راہ حل کے حصول کے لئے اس ملک کے خلاف بعض پابندیاں ہٹانے کے لئے آمادہ ہے۔

جان بولٹن اور ایلیوٹ ابرمز کے یہ بیانات ایسی حالت میں سامنے آئے ہیں کہ وینزوئیلا کے صدر نکولس مادورو نے اپنے طرفداروں سے خطاب میں امریکی تسلط پسندی کو ملک کے مسائل و مشکلات کا باعث قرار دیا اور کہا کہ وینزوئیلا کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کا محب وطن کی جانب سے منھ توڑ جواب دیا جائے گا۔

ٹیگس