وینیزویلا کے سلسلے میں امریکی رویے پر کیوبا کی تنقید
کیوبا کے صدر نے وینیزویلا کے خلاف امریکہ کے جارحانہ رویے پر شدید تنقید کی ہے۔
کیوبا کے صدر ڈیاز کینل نے کہا ہے کہ وینیزویلا کی حکومت اور قوم کے سلسلے میں امریکی حکومت کا رویہ نازیوں کے طریقے والا ہے اور سب اس بات کو جانتے ہیں کہ وینیزویلا میں بجلی کا بحران امریکہ نے ہی پیدا کیا ہے۔
دوسری جانب وینیزویلا میں مخالف رہنما خوان گوآئیدو اور بجلی کے بحران میں اس محکمے میں موجود امریکی حمایت یافتہ عناصر کے خلاف عدالت عالیہ میں کیس دائر کر دیا گیا۔
وینیزویلا کے اٹارنی جنرل نے کہا ہے کہ گوآئیدو کے بعض ٹوئٹ اس بات کے غماز ہیں کہ وہ بجلی کے شعبے میں تخریبی اقدامات اور بجلی منقطع کئے جانے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ وینیزویلا کے حکومت مخالف رہنما خوان گوائیدو نے تئیس جنوری کو امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی کھلی حمایت حاصل ہونے کے بعد اپنے صدر ہونے کا اعلان کر دیا تھا جسے وینیزویلا کی حکومت اور عوام نے ملک کے منتخب صدر نکولس مادورو کے خلاف بغاوت سے تعبیر کیا ہے۔
ایران، روس، ترکی اور چین سمیت دنیا کے بہت سے ملکوں نے وینیزویلا کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کے احترام کو ضروری قرار دیتے ہوئے کراکاس کے خلاف امریکی اقدامات کی مذمت کی ہے۔