Mar ۱۶, ۲۰۱۹ ۰۸:۳۸ Asia/Tehran
  • شمالی کوریا کا امریکہ سے جوہری مذاکرات معطل کرنے کا فیصلہ

شمالی کوریا اور امریکہ کے مابین جوہری مذاکرات میں تعطل پیدا ہوگیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق شمالی کوریا کی نائب وزیر خارجہ چوئے سون ہوئی کا کہنا ہے کہ ویتنام میں ملک کے سپریم لیڈر کم جونگ اُن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات بغیر کسی معاہدے کے ختم ہونے کے بعد جزیرہ نمائے کوریا، واشنگٹن سے جوہری مذاکرات معطل کرنے پر غور کر رہا ہے۔

شمالی کوریا کی نائب وزیر خارجہ چوئے سون ہوئی نے روسی خبر ایجنسی 'طاس' کو بتایا کہ ’ہم امریکا کے کسی مطالبے کو پورا کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے، نہ ہی اس قسم کے کسی مذاکرات کے خواہاں ہیں‘۔

چوئے سون ہوئی نے پیانگ یانگ میں صحافیوں اور غیر ملکی سفارتکاروں کو بتایا کم جونگ اُن جلد ہی اس حوالے سے کیے جانے والے اقدامات سے متعلق سرکاری بیان جاری کریں گے۔

شمالی کوریا کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بین الاقوامی حلقوں میں پیانگ یانگ کے ممکنہ لانگ رینج میزائل یا اسپیس لانچ کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ہنوئی سربراہی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ شمالی کوریا کے سربراہ نے میزائل اور جوہری تجربات روکنے پر پابند رہنے کا وعدہ کیا۔

تاہم 2 ہفتے قبل ویتنام میں ہونے والی ملاقات بےنتیجہ ختم ہوئے تھے۔

 

ٹیگس