Mar ۲۸, ۲۰۱۹ ۱۵:۳۱ Asia/Tehran
  • پومپیؤ کی ایران کے خلاف ایک بار پھر ہرزہ سرائی

امریکی وزیر خارجہ نے ایرانو فوبیا کے سازشی منصوبے کے دائرے میں ایک بار پھر ایران پر مغربی ایشیا میں تباہ کن کردار ادا کرنے اور دہشت گردی کی حمایت کا الزام عائد کیا ہے۔

امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیؤ نے امریکی کانگریس کی خارجہ امور کی کمیٹی میں اپنی ایک رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ ایران عراق، یمن، اور شام میں جنگ کے دائرے کو وسیع کرنے کے لئے بدستور اپنے ذرائع استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے یہ بھی دعوی کیا کہ یمن کا الحوثی گروہ اب تک سعودی عرب پر ایران کے فراہم کردہ دسیوں میزائل فائر کر چکا ہے اور سعودی عرب الحوثی گروہ کے داغے جانے والے میزائلوں کے مقابلے میں اپنا صرف دفاع کر رہا ہے۔

ایران کے خلاف امریکی وزیر خارجہ کا اس قسم کا موقف، کوئی بات نہیں ہے اور نہ ہی کوئی یہ آخری بار ہے کہ امریکہ کی جانب سے اس طرح کا کوئی موقف اختیار کیا گیا ہے۔

امریکہ کے انتہا پسند حکام، مغربی ایشیا میں اپنے ملک کی جارحانہ و توسیع پسندانہ پالیسیوں کو آگے بڑھانے کے لئے ہمیشہ ایران کو نشانہ بناتے ہیں تاکہ علاقے میں اپنی ناکامیوں  پر پردہ ڈال سکیں

مغربی ایشیا کے اسٹریٹیجک علاقے میں ایران کا مثبت اور موثر کردار، ہمیشہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی سامراجی پالسیوں کی شکست و ناکامی کا باعث بنا ہے۔

شام اور عراق میں دہشت گردی کے خلاف مہم میں ایران کا بنیادی کردار اس بات کا موجب بنا ہے کہ ان دونوں عرب ملکوں میں داعش دہشت گرد گروہ کی ہمہ جہتی حمایت کرنے کے باوجود امریکہ کا کوئی بھی ناپاک سازشی منصوبہ، کامیاب نہیں ہو پائے-

ایران نے عراق و شام کی حکومتوں کی درخواستوں پر ان دونوں ملکوں میں دہشت گردی کے خلاف مہم میں بھرپور مدد کی اور نہ صرف بنیادی کردار ادا کیا بلکہ دہشت گردی کے سلسلے میں مغرب خاص طور سے امریکہ کی دوغلی پالیسیوں کو بھی مکمل طور پر بے نقاب کر دیا۔

امریکی حکام کے ایران مخالف دعؤوں کو دہشت گردی کے بارے میں ان کے دوہرے معیار میں بخوبی پرکھا بھی جا سکتا ہے۔

دنیا میں دہشت گردی برآمد کرنے والے سعودی عرب کے لئے امریکہ کی بھرپور حمایت دہشت گردی کے سلسلے میں امریکہ کے دوغلے پن کو بخوبی ثابت کرتی ہے۔

سعودی عرب کو، جو دہشت گردوں کی بھرپور حمایت کر کے مغربی ایشیا کے علاقے میں تباہ کن کردار ادا کر رہا ہے، امریکہ کی مکمل حمایت حاصل ہے اور اسی حمایت کی بنا پر اس نے غریب، اسلامی عرب ملک یمن کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا ہے۔

ٹیگس