Mar ۳۱, ۲۰۱۹ ۱۹:۳۷ Asia/Tehran
  • مادورو کی حمایت میں وینزوئیلا کے عوام کا اجتماع

وینزوئیلا کے ہزاروں افراد نے اپنے ملک کے قانونی صدر نکولس مادورو کی حمایت میں ایک بار پھر دارالحکومت کراکاس کی سڑکوں پر نکل کر وسیع پیمانے پر مظاہرہ کیا۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق وینزوئیلا کے عوام نے اپنے ملک کے قانونی صدر نولس مادورو کی حمایت میں وسیع پیمانے پر مظاہرے کرتے ہوئے حکومتی منصوبے کے حق میں شدید نعرے لگائے اور مادورو کے لئے بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔

وینزوئیلا کے عوام اب تک کئی بار اپنے ملک کے قانونی صدر کی حمایت میں مظاہرے کر چکے ہیں۔

دریں اثنا وینزوئیلا کے وزیر مواصلات کے خورخہ روڈریگر نے اعلان کیا ہے کہ وینزوئیلا کے بجلی گھر پر ایک ساتھ کئی نئے حملے کئے گئے ہیں اور یہ حملے جمعے اور ہفتے کو انجام پائے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس قسم کے نئے حملوں کا ہونا کوئی اتفاق نہیں ہو سکتا۔ انھوں نے کہا کہ متاثر ہونے والے بجلی گھر کے حصوں کو دوبارہ تعمیر کر لیا جائے گا۔

سوشل میڈیا کا استعمال کرنے والوں نے اعلان کیا ہے کہ وینزوئیلا کے بیشتر علاقوں میں تاریکی چھا گئی ہے۔

امریکی حکومت، بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے وینزوئیلا میں مخالفین کے رہنما خوان گوائیدو کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ حکومت وینزوئیلا نے گوائیدو کی سرکاری سرگرمیوں پر پندرہ برس کی پابندی عائد کر دی ہے اور یہ فیصلہ ان کے مالی کرپشن کے ریکارڈ کی بنا پرکیا گیا ہے۔

ادھر روس کے دفتر خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے امریکہ کی جانب سے وینزوئیلا کے خلاف دھمکیوں پر سخت خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماسکو وینزوئیلا کے ساتھ اپنی قانونی شراکت داری جاری رکھے گا۔

روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے وینزوئیلا میں روس کا فوجی اڈہ قائم کئے جانے کے بارے میں بعض مغربی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وینزوئیلا میں غیر ملکی فوجی اڈوں کا قیام وینزوئیلا کے قانون کے خلاف ہے۔

زاخارووا نے کہا کہ وینزوئیلا کے بنیادی آئین میں صراحت کے ساتھ تاکید کی گئی ہے کہ اس ملک میں کوئی بھی غیر ملکی فوجی اڈہ قائم نہیں کیا جاسکتا تاہم دو طرفہ سمجھوتوں کے دائرے میں فوجی و تکنیکی تعاون جاری رہ سکتا ہے۔ اس سے قبل امریکی صدر کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے اپنے مداخلت پسندانہ بیان میں کہا ہے کہ وینزوئیلا میں مختلف قسم کے ہتھیاروں کے ساتھ روسی فوجیوں کی موجودگی نہ صرف وینزوئیلا اور جنوبی امریکہ بلکہ پورے علاقے اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے براہ راست خطرہ ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے روس کے تقریبا سو فوجی ماہرین ماسکو کراکاس دفاعی تعاون کے معاہدے کے تحت وینزوئیلا پہنچے ہیں۔ دونوں ممالک نے اس معاہدے پر سن دو ہزار ایک میں دستخط کئے تھے۔

ٹیگس