کیلیفورنیا، یہودیوں کی عبادت گاہ پر فائرنگ سے ایک ہلاک
امریکہ میں یہودیوں کی عبادت گاہ پرفائرنگ سے ایک ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔
امریکی ریاست کیلی فورنیا میں یہودیوں کی عبادت گاہ پرفائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور راہب سمیت 2 زخمی ہوئے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سان ڈیاگو شہر کی یہودی عبادت گاہ میں پیش آیا ، فائرنگ کرنے والے کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس سے پوچھ گچھ جاری ہے ۔
پولیس کے مطابق ایک شخص پیدل چلتا ہوا عبادت گاہ میں داخل ہوا اور فائرنگ شروع کر دی ، حکام کے مطابق حملہ آور ایک ہی تھا جسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزم کی عمر 19 سال ہے اور اس کا تعلق سان ڈیاگو سے ہی ہے، سان ڈیاگو کے میئر کا کہنا ہے کہ یہ منافرت پر مبنی واقعہ ہے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر ملزم کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ ملزم کے سوشل میڈیا اکاونٹ پر یہودیوں کے خلاف ایک کھلا خط بھی تھا ۔
پولیس نے ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم کا نام جان ارنِسٹ ہے جس کا تعلق انتہائی دائیں بازو سے ہے ۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور نے جیکیٹ اور ہیلمٹ بھی پہن رکھا تھا ۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیلی فورنیا میں یہودیوں کی عبادت گاہ پر فائرنگ کی مذمت کی۔