ایران کے خلاف امریکی پابندیوں سے ہندوستانی عوام پر اثر
واشنگٹن میں ہندوستان کے سفیر نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی پابندیوں سے تیل کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی بڑھنے سے ہندوستان کے عوام متاثر ہو رہے ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں ہندوستان کے سفیر ہرش وردھن شرینگلا نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ چین کے بعد ہندوستان، ایران سے تیل خریدنے والا بڑا ملک ہے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران پر تیل کی پابندی کا براہ راست اثر ہندوستان کی معیشت پر پڑے گا۔
انھوں نے کہا کہ ہندوستان کی آئل ریفائنریاں ایرانی تیل کی بنیاد پر تیار کی گئی ہیں اور انھیں دوسرے خام تیل کے مطابق تبدیل نہیں کیا جا سکتا اور یہ کہ ایران پر دباؤ ڈالنے کے لئے ہندوستان کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کئے جانے کے الٹے نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج نے اپنے امریکی ہم منصب سے ٹیلیفون پر گفتگو میں ایرانی تیل کی خریداری کے لئے ہندوستان کو مستثنی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی تیل کی جگہ پر کرنا آسان کام نہیں ہے۔
ہندوستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کے تیل پر پابندی لگا کر اس کی جگہ دوسرا آپشن تلاش کرنا آسان کام نہیں۔ لہذا ہندوستان کو ایران کے تیل کی خریداری پر پابندی سے مستثنی رکھا جائے۔