تیل کو سیاسی معاملہ نہیں بنانا چاہئیے: اوپیک چیف
اوپیک کے چیف نے کہا ہے کہ تیل کو سیاسی معاملہ نہیں بنانا چاہئیے۔
تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم (OPEC) کے سیکریٹری جنرل محمد بارکندو نے 24ویں بین الاقوامی تیل نمائش کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ہمارا مقصد تیل سے متعلق مسائل کو غیرسیاسی رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے تمام رفقائے کار پر یہ واضح کردیا ہے کہ جب اوپیک میں شمولیت اختیار کرتے ہیں تو انہیں اپنی قومیت کو الگ رکھنا ہوگا۔
انہوں نے ایرانی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہم نہیں کہ مستقبل میں آپ کو کتنے چیلنجز کا سامنا ہے بلکہ آپ ایسی قوم ہو جس نے ہمیشہ مشکلات پر غلبہ پایا ہے۔
سیکریٹری جنرل اوپیک نے کہا کہ وہ ایرانی قوم کو مبارکباد پیش کرنا چاہتے ہیں کیونکہ ایرانیوں نے ہمیشہ یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور حال ہی میں ملک کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے ایران کے تمام شہری بشمول خواتین اور بچے بڑھ چڑھ کر میدان میں نکلے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اوپیک کے بانی ملکوں میں ہے اور اوپیک کے ساتھ ایران کے تعاون کو 60 سال ہونے کو ہیں۔
محمد بارکندو نے ایرانی وزیر تیل بیژن نامدار زنگنہ کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ زنگنہ ایک تجربہ کار وزیر ہیں جنہوں نے اوپیک اور غیراوپیک تعاون کے عمل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔