وینزویلا کے سفارت خانے پر قبضے کے خلاف مظاہرہ
وینزویلا کے سفارت خانے کو قبضہ میں لینے کے خلاف وائٹ ہاؤس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
امریکہ میں وینزویلا کے سفارت خانے کو قبضہ میں لیے جانے اور وینزویلا حکومت کے مہمانوں کے طور پر سفارتی سہولیات میں رہ رہے چار کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف وائٹ ہاؤس کے باہر سیکڑوں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
ذرائع کے مطابق مظاہرین شروع میں وینزویلا کے سفارت خانے کے سامنے جمع ہوئے اور پھر وائٹ ہاؤس کی جانب مارچ کیا جہاں کئی مقررین نے ایک خود مختار ملک کے سفارت خانے کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرکے اسے تحلیل کرنے کے امریکی حکومت کے اقدام کو ایک خطرناک مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کےاقدامات، امریکہ سمیت دنیا کے تمام سفارتی مراعات کو خطرے میں ڈالنے کا باعث بنے ہیں۔
پولیس نے وائٹ ہاؤس کی طرف بڑھتے ہوئے جلوس کو روکنے کے لئے ٹریفک کو بلاک کردیا۔
وینزویلا میں جنوری سے حالات کشیدہ ہیں کیونکہ حزب اختلاف کے رہنما جوآن گوائیڈو نے امریکی حمایت سے خود کو عبوری صدر قراردیا تھا جس کے بعد، امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے مسٹر گوائیڈو کو تسلیم کرتے ہوئے اس ملک کے قانونی صدر مادورو کو اس پوزیشن سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔
وینزویلا کے صدر مادرو نے کہا ہے کہ امریکہ مسٹر گوائیڈو کو اپنی کٹھ پتلی کے طور پر استعمال کر کے وینزویلا کے قدرتی وسائل پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔