Jun ۰۸, ۲۰۱۹ ۱۵:۴۶ Asia/Tehran
  • چین روس مشترکہ اقتصادی کانفرنس کا انعقاد

چین روس مشترکہ اقتصادی کانفرنس روس کے شہر سن پیٹرس برگ میں منعقد ہوئی جس میں دونوں ملکوں کے صدور بھی شریک تھے۔

چین کے صدر شی جن پنگ نے اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بیجنگ اور ماسکو کے درمیان تعلقات کو انتہائی خوشگوار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ چین اور روس نے ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی اور تعاون کے ذریعے توانائی کے عالمی نظام کو منصفانہ، منطقی اور منظم بنانے میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔روس کے صدر ولادی میر پوتین نے اس موقع پر کہا کہ یہ کانفرنس دونوں ملکوں کے درمیان تیل، گیس، بجلی اور قابل تجدید توانائی کے میدان میں باہمی تعاون کی راہوں کا جائزہ لیے جانے کا اہم پلیٹ فارم ہے۔انہوں نے کہا کہ روس اور چین نے توانائی، تجارت اور انرجی ٹیکنالوجی کے فروغ کی غرض سے بنیادی ڈھانچے کی فراہمی کے حوالے سے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور تیل و گیس کے مشترکہ منصوبے طے شدہ نظام الاوقات کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔روس کے صدر نے اپنے ملک کے انرجی سیکٹر میں چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کا بھی خیر مقدم کیا اور کہا کہ ان کا ملک اپنی منڈیوں میں چینی کمپنیوں کے لیے حالات سازگار بنائے گا۔چین روس اقتصادی کانفرنس، تیئیسویں سن پیٹرز برگ اقتصادی فورم کے موقع پر منعقد ہوئی۔ سن پیٹرز برگ اقتصادی فورم میں ایران سمیت دنیا کے ایک سو چالیس سے زائد ملکوں کے ہزاروں اقتصادی و تجارتی ماہرین اور اعلی سرکاری عہدیدار شریک ہیں -

ٹیگس