امریکی پالیسیوں پر شمالی کوریا کے رہنما کی تنقید
شمالی کوریا کے رہنما نے چینی صدر کے ساتھ ملاقات میں امریکا کی مخاصمانہ اور زور و زبردستی والی پالیسیوں پر شدید تنقید کی ہے۔
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اون نے پیونگ یانگ میں چین کے صدرشی جن پینگ سے ملاقات میں کہا کہ شمالی کوریا نے امریکا کے ساتھ کشیدگی کو روکنے کے لئے ضروری اقدامات انجام دئے لیکن واشنگٹن نے اس کا کوئی مثبت جواب نہیں دیا۔ شمالی کوریا کے رہنما نے جزیرہ نمائے کوریا کے مسائل کے حل میں چین کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پیونگ یانگ بیجنگ کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو جاری رکھنا چاہتا ہے۔ چین کے صدر شی جن پینگ نے بھی کہا کہ وہ جزیرہ نمائے کوریا میں ایٹمی تنازعے کے حل میں پیونگ یانگ کی حمایت کریں گے۔ چینی صدر نے جزیرہ نمائے کوریا میں امن و استحکام کی بحالی اور ایٹمی ہتھیاروں سے پاک علاقہ قراردینے کی شمالی کوریا کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ ان کا ملک شمالی کوریاکے ساتھ مختلف میدانوں میں اپنے تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے گذشتہ چودہ برسوں میں کسی بھی چینی صدر کا یہ پہلا دورہ شمالی کوریا ہے۔اس درمیان چینی صدر نے شمالی کوریا کا اپنا دورہ مکمل کرنے کے بعد شمالی کوریاکے رہنما کے ساتھ اپنے مذاکرات کو تعمیری قراردیا ہے انہوں نے کہا کہ جزیرہ نمائے کوریا میں مسائل کے حل کے لئے شمالی کوریا کے رہنما سے ان کی بات چیت انتہائی مفید رہی ہے۔