امریکا سے پاکستان کے لئے ہتھیاروں کی اسمگلنگ 4600 خطرناک گولیاں برآمد
لاہور ایئر پورٹ پر گزشتہ روز پکڑے جانے والے گولیوں سے بھرے 3 بیگوں کے مالک کو گرفتار کرلیا گیا۔
امریکا سے مختلف اقسام کی 4600 بندوقوں اور پستولوں کی گولیاں لانے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔
لاہور ایئر پورٹ پر گزشتہ روز ایک غیر ملکی پرواز کے ذریعے گولیوں سے بھرے 3 بیگ لائے گئے تھے، جن کا مالک شبہ ہونے کے بعد بیگ وہیں چھوڑ کر خاموشی کے ساتھ فرار ہو گیا تھا۔
ڈپٹی کلکٹر کسٹمز معظم نے بتایا کہ ملزم محسن نواز کو ٹیگ کی مدد سے سراغ لگا کر گرفتار کرلیا گیا ہے، جو فیصل آباد کا رہائشی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گولیوں سے بھرے بیگ امریکا سے بک ہوئے تھے۔
ڈپٹی کلکٹر کسٹمز کا کہنا تھا کہ بیگوں سے ملنے والی مختلف اقسام کی گولیوں میں 308 بور کی گولیاں بھی شامل ہیں جو اسنائپر رائفل میں استعمال ہوتی ہیں اور وہ بکتر بند چیر کر بھی نکل جاتی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملزم نے اب تک گولیاں لانے کے حوالے سے کوئی ٹھوس بیان نہیں دیا ہے تاہم کسٹمز حکام سمیت دیگر ایجنسیاں اس سے تفتیش کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں امریکی مداخلت روز بروز بڑھتی جا رہی ہے اور ایک جانب جہاں امریکہ پاکستان سے دہشتگردوں کے خلاف ڈومور کا مطالبہ کر رہا ہے تو دوسری جانب پاکستان میں دہشتگردی کے کئی واقعات میں امریکہ کی بد نام زمانہ بلیک واٹر ملوث پائی گئی اور اب تو خطرناک قسم کی گولیاں بھی امریکہ سے پاکستان میں اسمگل ہو رہی ہیں۔