جاپان میں جی ٹوئنٹی اجلاس شروع، سکیورٹی ہائی الرٹ
جاپان کے شہر اوساکا میں جی ٹوئنٹی کا 14واں سربراہی اجلاس آج صبح شروع ہوا اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔
دنیا کی 20 ترقی یافتہ اور ترقی کی دہلیز پر کھڑی معیشتوں پر مشتمل گروپ کا سربراہی اجلاس جاپان کے شہر اوساکا میں دو روز تک جاری رہے گا ۔ اس سمٹ پرامریکہ کے کئی ممالک کے ساتھ تجارتی تنازعے کے سائے چھائے رہنے کا خدشہ ہے۔
امریکہ کی چین اور ہندوستان کے ساتھ تجارتی جنگ، جزیرہ نمائے کوریا کے ساتھ جوہری مسائل، آب و ہوا کے مسائل اور بہت سے دوسرے مسائل کے بیچ جی ٹوئنٹی کانفرنس جاپان کے وزیراعظم شینزو آبہ کی صدارت میں شروع ہوا۔
جاپانی میڈیا کے مطابق جی ٹوئنٹی اجلاس کے موقع پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، اجلاس کے مقام، ہوٹل، ایئرپورٹس اور دیگر مقامات پر 32 ہزار پولیس اہلکار تعینات ہیں جبکہ متعدد سڑکوں کو رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔
اوساکا میئر کے مطابق مرکزی شہر کو جانے والی شاہراہیں آج سے 30جون تک عوام کیلئے بند رہیں گی، عوام کو ریل اور سب وے استعمال کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ جی ٹوئنٹی سربراہ اجلاس کے موقع پر اوساکا کے تقریباً 700 اسکول بھی 2 روز تک بند رہیں گے۔