یونان میں پارلیمانی انتخابات کے لیے پولنگ
یونان کے عوام قرضوں کا بحران ختم ہونے کے بعد ہونے والے پہلے عام انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
یونان کے عوام ملک کی انیس سیاسی جماعتوں کے تین سو امیدواروں کو اپنے ووٹوں سے رکن پارلیمنٹ منتخب کریں گے۔ نو ملین آٹھ لاکھ یونانی شہری انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔
اتوار کو ہونے والے انتخابات میں موجودہ وزیراعظم الیکسس سپراس اور حزب اختلاف کی جماعت نیو ڈیموکریسی کے رہنما کاریاکاس میتسوتاکیس کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔
دو ہزار آٹھ میں ہونے والے عالمی مالیاتی بحران کے آغاز سے اب تک یونان میں ہونے والے یہ چھٹے انتخابات ہیں۔
یونان کی معیشت میں سن دو ہزار آٹھ سے دو ہزار سولہ کے دوران اٹھائیس فی صد کی کمی واقع ہوئی ہے اور بے روزگاری میں ہوشربا اضافے نے یونانیوں کو غربت سے دوچار کر دیا ہے۔
یونان نے اگست دو ہزار اٹھارہ میں یورپی یونین سے بیل آؤٹ پیکج حاصل کر کے اقتصادی بحران پر کافی حد تک قابو پا لیا ہے۔