ڈیٹن میں ٹرمپ مخالف مظاہرہ
امریکی صدر ٹرمپ کے دورے کے موقع پر شہر ڈیٹن کے عوام نے ان کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ریاست اوہایو کے شہر ڈیٹن کا دورہ کیا ہے جہاں انھیں اس شہر کے عوام کی شدید مخالفت و برہمی کا سامنا کرنا پڑا۔
ریاست اوہایو کے شہر ڈیٹن اور ریاست ٹیکساس کے شہر ال پاسو میں ہفتے اور اتوار کے روز فائرنگ کے واقعات رونما ہوئے تھے جن میں اکتیس افراد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہو گئے تھے۔
شہر ڈیٹن میں امریکی صدر ٹرمپ نے امدادی کارکنوں اور ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ نیز زخمیوں سے ملاقات کی تاہم اس شہر کے عوام نے اسپتال کے باہر اجتماع کر کے احتجاج کیا اور ہتھیار رکھے جانے پر پابندی عائد کئے جانے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ کے نسل پرستانہ بیانات کی بدولت، امریکہ میں نسلی و قومی تفریق اور پرتشدد واقعات بڑھتے جا رہے ہیں اور سماج و معاشرے میں قومی و نسلی نفرت کا زہر تیزی سے گھلتا جا رہا ہے۔