فرانس میں جی سیون سربراہی اجلاس شروع
Aug ۲۴, ۲۰۱۹ ۱۹:۵۱ Asia/Tehran
شدید اختلافات کے سائے میں سات صنعتی ملکوں کے گروپ، جی سیون کا سربراہی اجلاس فرانس میں شروع ہوگیا ہے۔
جنوبی فرانس کے شہر بیاریٹز میں ہونے والے جی سیون کے سربراہی اجلاس میں برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی، بین الاقوامی تجارت اور ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے کی صورتحال نیز روس کی اس گروپ میں واپسی جیسے معاملات پر غور کیا جارہا ہے۔
اس موقع پر فرانس اور امریکہ کے صدور کے درمیان گفتگو بھی متوقع ہے جس میں ایٹمی معاہدے کے بارے میں دونوں ملکوں کے اختلافات حاوی رہنے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی یکطرفہ پالیسیوں اور اپنے نظریات گروپ کے دیگر ارکان پر مسلط کرنے کی کوششوں کے تناظر میں، فرانس میں ہونے والے سربراہی اجلاس کے دوران باہمی چپقلش کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔
دوسری جانب جی سیون اجلاس کے موقع پر فرانس کے مختلف شہروں میں سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف مظاہرے شدت اختیار کر گئے ہیں اور کئی مقامات پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔