رابرٹ اوبرائن امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر نامزد
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یرغمالیوں کے حوالے سے مذاکرات کار رابرٹ او برائن کو قومی سلامتی کا نیا مشیر نامزد کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر میں اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ میں یہ اعلان کرتا ہوں کہ اسٹیٹ ڈپارٹنمنٹ میں یرغمالی امور کے لیے موجودہ خصوصی کامیاب نمائندے رابرٹ سی او برائن کو ہماری قومی سلامتی کے نئے مشیر کے لیے نامزد کروں گا۔
خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے دوسرے ممالک میں امریکی فوج کے استعمال کے حامی اور موجودہ انتظامیہ میں جنگ و جدل کے حامی جان بولٹن کو گزشتہ ہفتے اختلافات کے باعث مشیر قومی سلامتی کے عہدے سے برطرف کردیا تھا۔
امریکی صدر نے اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ میں نے جان بولٹن سے استعفیٰ مانگا تھا اور انہوں نے مجھے بھیج دیا ہے کیونکہ ان سے کہا تھا کہ وائٹ ہاؤس کو ان کی مزید خدمات درکار نہیں ہیں۔
جان بولٹن کو عراق میں جنگ اور خارجہ پالیسی کے دیگر پہلووں سے متعلق فیصلوں کے حوالے سے متنازع شخصیت سمجھا جاتا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اہم عہدے پر تعیناتی ایسے موقع پر کی ہے جب ٹرمپ نے رواں ماہ کے اوائل میں ہی افغان طالبان کے ساتھ طویل مذاکرات کے بعد جب معاہدہ کو حتمی شکل دی جارہی تھی تو اچانک مذاکرات منسوخ کرنے کا اعلان کردیا تھا۔
یاد رہے کہ رواں برس جولائی میں امریکی سینیٹ نے سابق فوجی مارک ایسپر کو 7 ماہ کے طویل عرصے بعد سیکریٹری دفاع مقرر کرنے کی منظوری دی تھی۔
امریکی صدر نے سابق سیکریٹری دفاع جیمز میٹس کو مشرق وسطیٰ اور افغانستان کے حوالے سے پالیسیوں میں اختلاف پر عہدے سے برطرف کردیا تھا اور اس کے بعد 7ماہ تک کسی بھی عہدیدار کو مستقل بنیادوں پر یہ ذمے داری نہیں سونپی گئی تھی۔