Sep ۲۱, ۲۰۱۹ ۰۷:۳۰ Asia/Tehran
  • دنیا بھر میں آب و ہوا میں تبدیلی سے متعلق ریلیاں اور مظاہرے

دنیا بھر میں 140 سے زائد ممالک میں گلوبل کلائمٹ اسٹرائک کے تحت زمین کے تحفظ کے لیے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف ریلیاں اور مظاہرے ہو رہے ہیں۔

عالمی میڈیا کے مطابق پوری دنیا میں اس وقت کلائمٹ ویک کا آغاز ہوگیا ہے جس کا اہم مقصد آب و ہوا میں خوفناک تبدیلیوں، ماحولیاتی تباہی، موسموں میں شدت اور تیزی سے آلودہ ہوتے ہوئے فطری نظام کی جانب اربابِ اقتدار کی توجہ مبذول کرانا ہے۔ اس ضمن میں دنیا بھر کے ممالک میں ریلیاں اور مظاہرے جاری ہیں ۔

ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی کے مظاہرے میں لوگوں نے بینر اٹھائے تھے جن پر درج تھا کہ سانس لینا ہمارا حق ہے جبکہ صرف جرمنی میں ہی 400 کے قریب تقاریب اور مظاہرے منعقد کیے جائیں گے۔

لندن میں منعقدہ ریلی میں اپوزیشن لیڈر جیرمی کوربِن نے شرکت کی جبکہ دیگر شہروں میں بھی بہت بڑی ریلیاں منعقد ہوئیں۔ بعض بینروں پر تحریر تھا کہ کلائمٹ چینج سے زمین مررہی ہے اور یہ صرف عمل کا وقت ہے۔

یاد رہے کہ گلوبل کلائمٹ اسٹرائیک نامی یہ تحریک اسکول کے بچوں نے شروع کی تھی اور اس کا سہرا سویڈن کی 16 سالہ لڑکی گریٹا تھنبرگ کو جاتا ہے جس نے سب سے پہلے اسکول کے بچوں کو جمع کرکے دنیا کے بڑوں کو ان کے مستقبل پر جھنجھوڑا تھا۔

واضح رہے کہ دنیا میں آب و ہوا  کو صاف کرنے اور گرین ہاؤس گیسوں میں کمی کے لیے ساکنانِ ارض بڑے لیڈر اور سربراہان کی جانب دیکھ رہے ہیں کیونکہ معاشی مفاد کی خاطر اب تک خاطر خواہ قانون سازی نہیں کی جاسکی ہے۔

ٹیگس