Oct ۲۶, ۲۰۱۹ ۰۷:۴۰ Asia/Tehran
  • کشمیر کی صورتحال تشویشناک: اقوام متحدہ

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو عوامی امنگوں کے مطابق اور بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرش کے ترجمان اسٹیفن ٹویارچ نےمسئلہ کشمیر پر ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے  میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل مقامی آبادی کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے جس کے لیے بات چیت کا دروازہ ہمیشہ کھلا رہنا چاہیے۔

سیکریٹری جنرل کے ترجمان  نے وادی کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو سفارتی سطح پر باہمی گفت و شنید کے ذریعے حل کیا جائے جس میں  کشمیری عوام کے جائز حقوق کے تحفظ کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہو۔

قبل ازیں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں ہندوستانی فوج کی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان سے اقوام متحدہ کے نمائندوں کو وادی کا دورہ کرانے کا مطالبہ  کیا تھا تاہم ہندوستان نے اس کی مخالفت کی۔

واضح رہے کہ ہندوستان نے 5 اگست کو اپنے آئین کی 370 ویں شق ختم کردی تھی جس سے کشمیر کو آئین میں حاصل خصوصی حیثیت کا خاتمہ ہوگیا تھا، کسی ممکنہ احتجاج کو روکنے کے لیے تاحال وادی میں کرفیو نافذ ہے اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

 

ٹیگس