زمین کی حدت میں اضافے کی بابت انتباہ
موسمیات کے عالمی ادارے ڈبلیو ایم او نے گرین ہاوس گیسوں کے اخراج اور زمین کی حدت میں اضافے کی بابت سخت خبر دار کیا ہے۔
ڈبلیو ایم او کے مطابق پچھلے ایک عشرے کے مقابلے میں حالیہ برسوں کے دوران میں گرین ہاوس گیسوں کے اخراج میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی روک تھام کے لیے کئے گئے ہنگامی اقدامات بھی غیر موثر واقع ہوئے ہیں۔ڈبلیو ایم او کے سربراہ پیٹری ٹالاس کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق پیرس معاہدے کے مندرجات پر عملدرآمد کے باوجود صورتحال جوں کی توں باقی ہے۔
موسمیاتی تبدیلیوں کا معاملہ بدستور عالمی تشویش کا سبب بنا ہوا ہے لیکن امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیرس معاہدے سے علیحدگی اختیار کرکے ثابت کردیا ہے کہ انہیں اس معاملے کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ٹرمپ نے اپنے پیشرو باراک اوباما کی جانب سے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی سے متعلق وضع کیے جانے والے قوانین کو بھی منسوخ کردیا ہے۔
زمین کی حدت میں اضافے کی وجہ سے دنیا بھر میں پانی کی سطح بلند ہورہی ہے جو دنیا میں خشکسالی، گرمی کی شدت میں اضافے اور خطرناک طوفانوں کا باعث بن سکتی ہے۔