Nov ۲۹, ۲۰۱۹ ۱۹:۵۵ Asia/Tehran
  • لندن برج پر چاقووں سے حملہ، شہر میں خوف و ہراس

لندن برج پر چاقو کے وار سے لوگوں کے زخمی کرنے کے واقعے کے بعد برطانوی پولیس نے ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔

 لندن پولیس نے سوشل میڈیا نیٹ ورک ٹوئٹر پر جاری کیے جانے والے  بیان میں کہا ہے کہ دوپہر 1 بجکر 58 منٹ پر لندن برج پر ایک شخص کی جانب سے چاقو کے وار سے لوگوں کو زخمی کرنے کی اطلاع ملی تھی۔

عینی شاہدین نے برطانوی میڈیا کو بتایا کہ پولیس فائرنگ کی آواز سننے کے فوراً بعد جائے وقوع پر پہنچ گئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں متعدد ا‌فراد زخمی ہوئے تاہم ان کی تعداد کا ذکر پولیس نہیں کیا۔ بعض خبروں میں چاقو کے حملے میں  پانچ افراد کے زخمی ہونے کی بات کہی گئی ہے۔
لندن پولیس کے ترجمان نے اس سےقبل کہا تھا کہ ایک شخص کو گولی لگی ہے جبکہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے ایک شخص کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا ہے، بعد ازاں لندن برج کو خالی کراکر عوام کے لیے بند کردیا گیا۔
لندن ایمبولینس سروس نے واقعے کو علاقے میں ہونے والا بڑا سانحہ قرار دیا۔
ایک اور اطلاع کے مطابق لندن میں فائرنگ کے واقعے کے باعث پاکستان کے سابق وزیراعظم  میاں محمد نواز شریف طبی معائنہ کرائے بغیر ہی واپس چلے گئے، وہ لندن برج کے قریب واقع اسپتال میں خون کے ٹیسٹ کرانے کے لئے جا رہے تھے کہ واقعہ پیش آیا۔
اس سے قبل جون 2017 میں بھی لندن برج پر 3 مسلح افراد نے عوام پر گاڑی چڑھادی تھی  اور لوگوں پر حملے بھی کئے تھے جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ٹیگس