بنگلہ دیش کے نقشے میں ہندوستان کا علاقہ: بنگلہ دیش کا پاکستان کو تحفہ
بنگلہ دیش کے عبوری سربراہ محمد یونس نے پاکستان کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین کو، مبینہ طور پر، ایسا نقشہ تحفے میں دیا ہے جس میں ہندوستان کے شمال مشرقی علاقے کو بنگلہ دیش کا حصہ دکھایا گیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ہندوستانی ذرائع ابلاغ کی آج (27 اکتوبر) کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کے عبوری سربراہ محمد یونس نے پاکستان کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل ساحر شمشاد مرزا کو، مبینہ طور پر، ایسا نقشہ تحفے میں پیش کیا ہے جس میں آسام سمیت ہندوستان کے شمال مشرقی علاقے کو بنگلہ دیش کا حصہ دکھایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ تحفہ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو ڈھاکہ کے دورے کے دوران پیش کیا گیا۔ تحفے کی تصویر میں، جسے محمد یونس کے سرکاری ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کیا گیا، "آرٹ آف ٹرائمف: بنگلہ دیش کی نئی صبح" کے عنوان سے ایک کتاب دکھائی گئی ہے۔ اس کتاب کو 2024 کی طلبہ تحریک کی ایک علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جس نے شیخ حسینہ کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔
بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ کے سرکاری ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی پوسٹ میں بتایا گیا کہ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے محمد یونس سے ملاقات کی۔ پوسٹ میں لکھا ہے کہ دونوں لیڈروں نے تجارتی، سرمایہ کاری اور دفاعی تعلقات سمیت دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔