امریکا اور فرانس میں فضائی حادثات 15 ہلاک
امریکا اور فرانس میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دو مسافر بردار طیارے اور ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر بچوں سمیت 15 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق دو امریکی ریاستوں ٹیکساس اور جنوبی ڈکوٹا میں الگ الگ ہونے والے طیارے حادثوں میں 2 معروف امریکی تاجروں کے خاندان کے کئی افراد سمیت مجموعی طور پر 12 افراد ہلاک ہو گئے۔
ٹیکساس کے شہر سان انٹونیو میں ایک انجن والا مسافر بردار طیارہ ہنگامی لینڈنگ کے دوران پائلٹ سے بے قابو ہو کرحادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں آگ بھڑک اُٹھی اور طیارے میں سوار تینوں افراد ہلاک ہوگئے۔
اسی طرح جنوبی ڈکوٹا میں صحت عامہ اور ادویات کے معروف بزنس مین خاندان کے زیر استعمال طیارہ پلاٹس پی سی-12 بھی گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں موجود خاندان کے 9 افراد ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں کی عمریں 7 سے 81 سال کے درمیان ہے۔
دوسری جانب فرانس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کام کے لیے جانے والا ریسکیو ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں تینوں اہلکار ہلاک ہوگئے۔
ہیلی کاپٹر کا اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہونے پر ہیلی کاپٹر کی تلاش میں ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تھا۔ ہیلی کاپٹر کے ملبے اور اہلکاروں کی لاشوں کے علاوہ اس علاقے سے سیلابی ریلے میں بہہ کر آنے والے 2 افراد کی لاشیں بھی ملی ہیں۔
طیارہ حادثوں کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے سول ایوی ایشن کی جانب سے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ امریکا میں نجی چھوٹے طیاروں کے حادثات معمول کی بات ہیں۔ کئی نجی طیارے اپنی میعاد بھی پوری کر چکے ہیں لیکن اب بھی شہریوں کے استعمال میں ہیں اور اسی وجہ سے فضائی حادثات میں اضافہ ہوا ہے۔