Dec ۱۸, ۲۰۱۹ ۰۷:۴۵ Asia/Tehran
  • مسئلہ کشمیر پرسلامتی کونسل کا اجلاس

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہونے جا رہا ہے۔

بین الاقوامی خبر ایجنسی کے مطابق چین کی درخواست پر سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس بلایا گیا ہے جس میں ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

5 اگست کوہندوستان کی جانب سے اس ملک کے زیر انتظام کشمیرکے غیر قانونی الحاق اور خصوصی حیثیت تبدیل کیے جانے کے بعد مسئلہ کشمیر پر یہ دوسرا اجلاس ہے۔ اگست میں بھی چین کی درخواست پر کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا گیا تھا جس میں ہندوستانی اقدام کی مذمت کی گئی تھی۔

یاد رہے کہ ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں گزشتہ چار مہینے سے جاری غیر یقینی صورتحال اور اضطرابی کیفیت برابر سایہ فگن رہنے کے بیچ معمولات زندگی جوں کا توں ہے۔ انٹرنیٹ بند ہے،تعلیمی اداروں میں درس و تدریس نہ ہونے کے برابر ہے اور کاروباری اور تجارتی مراکز بند ہیں اورسری نگر کے پائین شہر کے نوہٹہ علاقے میں واقع 625 برس قدیم تاریخی جامع مسجد بھی بند ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ کشمیری عوام کی اس سب سے بڑی عبادت گاہ میں تب تک نماز جمعہ کی ادائیگی بحال نہیں ہوگی جب تک جامع مسجد کے گرد وپیش سیکورٹی فورسز کا محاصرہ ختم کرکے ماحول کو سازگار بنایا  نہیں جاتا ہے۔

واضح رہے کہ نوہٹہ میں واقع جامع مسجد کے منبر و محراب پانچ اگست، جس دن مرکزی حکومت نے جموں وکشمیر کو آئین ہند کی دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے کے تحت حاصل خصوصی اختیارات منسوخ کئے اور ریاست کو دو مرکزی زیر انتظام والے علاقوں میں منقسم کیا، سے مسلسل خاموش ہیں اور نماز جمعہ کی ادائیگی بھی برابر معطل ہے۔

ٹیگس