روس و یورپ نے کی امریکی پابندیوں کی مذمت
روس جرمنی اور یورپی یونین نے امریکی پابندی کی سختی سے مذمت کی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی ممالک کو قدرتی گیس کی فراہمی کے لیے نارڈ اسٹریم ٹو نامی زیر تعمیر گیس پائپ لائن میں شامل تعمیراتی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کردی ہیں جس کی وجہ سے تعمیرنارڈ اسٹریم ٹو پر کام رک گیا ہے۔ اس پائپ لائن سے یورپی ممالک کو روس سے قدرتی گیس فراہم کی جانی تھی۔
یورپی ملک جرمنی 738 بلین ڈالر کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس منصوبے کا سب سے زیادہ مستفید ہونے والا ملک ہے اور ٹرمپ کے فیصلے سے امریکا اور جرمنی کے درمیان تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔ جرمن چانسلرانجیلا میرکل کی ترجمان نے بھی امریکی پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے اسے داخلی معاملات میں مداخلت قرار دیا۔
دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پوتین نے بھی امریکی پابندیوں پر سخت جوابی اقدام کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے اور ایسے کسی بھی اقدام سے اجتناب برتنا ہوگا جس سے پر امن خطے میں کشیدگی پیدا ہوجائے جو کسی بھی طرح کسی کے بھی حق میں بہتر نہیں ہوگی۔ یورپی یونین نے بھی ان پابندیوں کی شدید مذمت کی ہے۔