Dec ۲۶, ۲۰۱۹ ۰۸:۳۸ Asia/Tehran
  • ہانگ کانگ: کرسمس کے موقع پر مظاہرین پرآنسو گیس کے شیل فائر

ہانگ کانگ میں پولیس نے کرسمس کے موقع پر ہزاروں مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل فائر کیے۔

مظاہرین نے کرسمس کے روایتی ماسک چہروں پر پہنے ہوئے تھے، پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کا آغاز شاپنگ مالز میں ہوا، جب مظاہرین نے پولیس پر چھتریاں اور دیگر اشیا پھینکنا شروع کر دیں۔ جوابی کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور مرچوں کا اسپرے کیا اور ایک پولیس اہلکار نے فضا میں اپنی بندوق بھی لہرائی تاکہ مظاہرین کو منتشر کر سکے۔

پولیس نے سڑک بلاک کرنے والے مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل فائر کیے تاکہ انہیں منتشر کیا جاسکے۔ شام کو سڑکوں، شاپنگ مالز اور شہر کے دیگر علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ چین نے ہانگ کانگ میں چین کے خلاف ہو رہے احتجاج و مظاہرہ کے پیچھے امریکہ سمیت مغربی ممالک کے ملوث ہونے کا الزام لگایا ہے۔

یاد رہے کہ ہانگ کانگ میں دراصل حوالگی پر ایک مسودہ قانون کو لے کر جون کے شروع سے ہی احتجاج و مظاہرہ ہو رہا ہے۔ تقریبا 4500 مظاہرین کو پولیس نے گرفتارکرلیا گیا ہے جبکہ 1500 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ چینی نائب وزیر خارجہ لی چینگ نے پیر کو ماسکو میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا بے شک ہانگ کانگ میں جاری احتجاج کئی طرح سے بیرونی مداخلت سے منسلک ہیں اور سب سے پہلے امریکہ اور مغربی ممالک اس میں شامل ہیں۔

قابل غور ہے کہ اس سے پہلے برطانیہ میں چینی سفیر لیو شیامنگ نے یکم نومبر کو کہا تھا کہ امریکی ایوان نمائندگان چین کے اندرونی معاملات میں واضح طور پر مداخلت کر رہا ہے۔

ٹیگس