ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس سے چلتا کر دیں گے، نینسی پیلوسی
امریکی ایوان نمائندگان کی سربراہ نینسی پیلوسی نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ برس امریکہ کے صدر نہیں رہیں گے۔
اے بی سی ٹیلی ویژن سےگفتگو کرتے ہوئے نینسی پیلوسی کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے مواخذے کی تحریک سینیٹ کو بھجوائیں گے اور اس معاملے سے پیچھے ہٹنے والے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوی امکان یہ ہے کہ ڈیموکریٹ ارکان ، دو ہزار بیس کے انتخابات سے قبل ہی ٹرمپ کا مواخذہ کرکے انہیں وائٹ ہاؤس سے چلتا کردیں گے۔
امریکی ایوان نمائندگان کی سربراہ نے کہا کہ آئندہ چند ہفتے کے اندر اندر ٹرمپ کے مواخذے کی درخواست سینیٹ کے حوالے کردی جائے گی اور آئندہ منگل کو وہ اس سلسلے میں اپنی پارٹی کے ارکان سے اس بارے میں صلاح و مشورہ کریں گی۔
امریکی ایوان نمائندگان نے اٹھارہ دسمبر کو تاریخی رائے شماری کے دوران صدر ٹرمپ کے مواخذے کی منظوری دی تھی۔ ایوان نمائندگان نے ٹرمپ پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور کانگریس کی جانب سے کرائی جانے والی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام عائد کیا ہے۔