Feb ۰۳, ۲۰۲۰ ۱۶:۴۰ Asia/Tehran
  •  چین میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ

چین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ مزید چھپن مریضوں کے مرنے کے بعد چین میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد تین سو ساٹھ ہوگئی ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق چین کی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید اکیس سو افراد کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں اور یوں اس خطرناک وائرس سے پیدا ہونے والی بیماری میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد چودہ ہزار پانچ سو ساٹھ تک پہنچ گئی ہے۔
بیجنگ کی چینگ ھوا یونیورسٹی کے محققین کی ٹیم نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کے علاج کا واکسن کہ جسے ویروسووہان کہا جاے گا آئندہ چالیس دن میں تیار ہوجائے گا۔
 
چینگ ھوا یونیورسٹی کی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ چانگ لینچی کا کہنا ہے کہ اس وائرس کا علاج ایڈز میں مبتلا کرنے والے ایچ آئی وی وائرس کے ویکسن سے قدرے آسان ہے۔ ایک چینی ماہر اقتصادیات ژانگ مینگ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ کورونا وائرس نے اس ملک کے اقتصاد اور بعض ملکوں کی شیئر مارکیٹوں کو نقصان پہنچایا ہے اعلان کیا ہے کہ اگر یہ وائرس مارچ کے آخر تک پھیلتا رہا تو چین کی اقتصادی ترقی سن دوہزار بیس کی پہلی سہ ماہی میں پانچ فیصد کم ہوجائے گی۔
عالمی ادارہ صحت نے بھی بین الاقوامی ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے چین میں اس وائرس کے پھیلاؤ کو تشویشناک قرار دیا اور اعلان کیا کہ اس ادارے کی سب سے بڑی تشویش ، کمزور حفظان صحت کے نظام کے حامل ملکوں میں کورونا وائرس کے پھیلنے کے امکان پر لاحق ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے بھی اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران تک یہ وائرس نہیں پہنچا ہے اور اس کی علامتیں نہیں دیکھی گئی ہیں کہا کہ کورونا وائرس ایک عالمی المیہ ہے جسے جڑ سے ختم کرنے کے لئے سب کو ہی چین کی قوم اور حکومت سے تعاون کرنا چاہئے۔
چین میں گذشتہ دو ہفتوں سے کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے اب تک ایئرکینڈا، ایئرانڈیا، ایئرسئول، ایئر تنزانیا اور امریکن ایئرلائنس سمیت مختلف ہوائی کمپنیوں نے چین جانے والی پروازیں منسوخ کردی ہیں۔ 
کورونا وائرس چین کے شہروں میں پھیلنے کے ساتھ ہی امریکہ، اسٹریلیا، تھائیلینڈ، ملیشیا، جنوبی کوریا، جاپان، کینیڈا، سوئیڈن، اسپین، فرانس اور متحدہ عرب امارات تک پہنچ گیا ہے اور ان ملکوں میں اس کی علامتیں دیکھی گئی ہیں۔ 

ٹیگس