Feb ۰۹, ۲۰۲۰ ۰۸:۴۱ Asia/Tehran
  • ایل او سی پر پاک و ہند کے مابین فائرنگ6 ہلاک و زخمی

ہندوستان اور پاکستان کی فورسز کے مابین لائن آف کنٹرول پر ہونے والی فائرنگ سے ایک فوجی اہلکار سمیت 2 افراد ہلاک اور 3 فوجی اہلکاروں سمیت4 افراد زخمی ہو ئے۔

ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے دگوار سیکٹر میں ہفتہ کے روز پاکستانی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ طرفین کے درمیان فائرنگ اور مارٹر گولوں کا تبادلہ ہفتہ کو سہ پہر کے وقت شروع ہوا۔ فائرنگ اور مارٹر شیلنگ کے نتیجے میں دگوار سیکٹر میں تعینات چار فوجی اہلکار زخمی ہوئے جن میں ایک اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

دوسری جانب پاکستان کے دفتر خارجہ نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر ہندوستانی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج کیا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستانی فورسز کی جانب سے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر سیز فائرمعاہدے کی خلاف ورزی کی گئی اورچری کوٹ سیکٹر پرہندوستانی فوج کی فائرنگ سے ایک شہری ہلاک اور ایک خاتون زخمی ہوئی۔

واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان ایک دوسرے پر لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے کے الزامات عائد کرتے رہتے ہیں۔

 

ٹیگس