جنوبی کوریا میں کورونا وائرس سے 7 افراد ہلاک
جنوبی کوریا کی حکومت نے کل رات اعلان کیا کہ اس ملک میں کورونا وائرس سے اب تک سات افراد ہلاک ہوئے۔
آئی آر آئی بی کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کی حکومت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس میں مزید 161 افراد مبتلا ہو گئے ہیں اس طرح اس ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تقریبا 763 ہو گئی ہے، جبکہ اس مہلک وائرس سے اب تک سات افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ اس سے قبل اس ملک میں 5 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہوئے تھے۔
جنوبی کوریا کے صدر مون جائی ان نے مہلک وائرس کورونا کے پھیلنے کے بعد ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔
در ایں اثناء اٹلی میں کورونا وائرس کے معاملات میں کافی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور اس مہلک وائرس کی وجہ سے اٹلی میں اب تک دوافراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ گزشتہ دو دنوں میں اس مہلک وائرس کے 62 کیس سامنے آئے اور اب تک 66 لوگوں میں اس کے اثرات پائے جانے کی تصدیق ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس کے آخری ایام میں کورونا وائرس مشرقی چین کے شہرووہان میں سامنے آیا اور اب یہ چین کے تیس صوبوں کے علاوہ کم از کم پچیس دیگر ملکوں میں بھی سرایت کر چکا ہے جن میں امریکہ ،برطانیہ، آسٹریلیا، تھائی لینڈ، ایران، جنوبی کوریا، جاپان، کینیڈا،فرانس، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے تقریبا اناسی ہزارکیس سامنے آچکے ہیں جن میں سے اٹھارہ ہزار کو ہسپتالوں سے ڈسچارج کیا گیا اور دوہزار چار سو سے زائد افراد کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔